اہل بیت (ع) نیوز ایجنسی ابنا کے مطابق، سانگھڑ میں مجلسِ وحدت مسلمین ضلع سانگھڑ کا تنظیمی اجلاس ضلعی صدر سید محمد اسحاق شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی آرگنائزر کمیٹی کے ارکان مولانا غلام شبیر کانھیو، آغا منور حسین جعفری اور مولانا سجاد حسین محسنی نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر ضلعی کابینہ کے اراکین اور مختلف تحصیلوں کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا غلام شبیر کانھیو نے تنظیمی کارکنان کی ذمہ داریوں، نظم، اتحاد اور تنظیمی ڈسپلن پر تفصیلی گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط، مخلص اور باکردار کارکن ہی کسی بھی تنظیم کے حقیقی سرمایہ ہوتے ہیں، اور تنظیمی ترقی کا دارومدار کارکنان کی سنجیدگی اور مسلسل جدوجہد پر ہوتا ہے۔
آغا منور حسین جعفری نے تنظیمی ڈھانچے کو مزید فعال بنانے اور عوامی سطح پر تنظیمی کردار کو مؤثر کرنے کے حوالے سے اہم ہدایات دیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع سانگھڑ کے تمام تنظیمی ذمہ داران کو چاہیے کہ وہ کام میں تیزی لائیں اور یونٹ سطح تک رابطہ سازی کو مضبوط بنائیں تاکہ تنظیمی مقاصد زیادہ مؤثر انداز میں حاصل کیے جا سکیں۔
اجلاس کے دوران ضلعی صدر سید محمد اسحاق شاہ نے ضلع بھر کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور آئندہ لائحہ عمل سے شرکاء کو آگاہ کیا۔ صوبائی آرگنائزر کمیٹی نے اجلاس میں اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سانگھڑ میں تنظیمی سرگرمیوں کو مزید مضبوط اور منظم بنیادوں پر آگے بڑھایا جائے گا۔
آپ کا تبصرہ